جموں،11فروری(یو این آئی) سول سیکریٹریٹ جموں کے باہر آج ڈیلی ویجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں زور دار احتجاجی دھرنا دیا، جس کے دوران ملازمین نے حکومت پر وعدہ خلافی کا سنگین الزام عائد کیا۔ احتجاج میں شامل ڈیلی ویجروں نے کہا کہ سرکار نے چھ ماہ کا وقت مانگا تھا، لیکن اب ایک سال گزر چکا ہے اور ان کے مستقل کرنے کے حوالے سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی برسوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انہیں نہ تو ملازمت میں استحکام دیا گیا اور نہ ہی اُن کے مطالبات کی جانب سنجیدگی سے توجہ دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آج تک صرف یقین دہانیاں کروائی گئیں، لیکن زمینی سطح پر صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔
احتجاج میں شریک ایک ڈیلی ویجر نے کہا کہ ہم پچھلے کئی برسوں سے اپنے حق کی لڑائی لڑ رہے ہیں، لیکن ہر بار حکومت کی جانب سے محض جھوٹے وعدے اور طفل تسلیاں دی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقل روزگار کے بغیر ہزاروں خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور یہ صورتحال مزید برداشت کے قابل نہیں۔
ڈیلی ویجروں نے واضح طور پر دھمکی دی کہ اگر حکومت نے جلد از جلد ان کی نوکریوں کو مستقل کرنے کا اعلان نہ کیا تو احتجاجی کارروائیوں میں مزید شدت لائی جائے گی اور آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا بنیادی حق ہے کہ انہیں برسوں کی خدمات کے بعد مستقل روزگار فراہم کیا جائے۔
مظاہرین نے موجودہ حکومت، خصوصاً عمر عبداللہ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں بھاری منڈیٹ دے کر اقتدار میں پہنچایا، لیکن حکومت اپنے وعدوں سے انحراف کر رہی ہے اور مزدور طبقے کے مسائل کو ترجیح نہیں دے رہی۔
احتجاجی ڈیلی ویجروں نے اپنے مطالبات پر فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے مزید تاخیر کی تو اس کے اثرات سنگین ہوں گے، جس کی ذمہ داری سراسر انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
0
