0

رنجی ٹرافی 2026:فائنل میں تاریخی ٹکراؤ، کرناٹک اور جموں و کشمیر آمنے سامنے

لکھنؤ، 19 فروری( یو این آئی ) کرناٹک کی ٹیم نے اتراکھنڈ کے خلاف سیمی فائنل میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے رنجی ٹرافی 2026 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 15 فروری سے شروع ہونے والا یہ مقابلہ جمعرات کو ڈرا پر ختم ہوا، تاہم پہلی اننگز کی بنیاد پر کرناٹک نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب اس کا مقابلہ تاریخی جیت درج کر کے فائنل میں پہنچنے والی جموں و کشمیر کی ٹیم سے ہوگا۔
کرناٹک کے دیودت پڈیکل کو ان کی شاندار ڈبل سنچری پر ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔
کرناٹک کی جانب سے دیودت پڈیکل، کے ایل راہل اور آر اسمرن نے شاندار سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔کرناٹک نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 6 وکٹوں پر 299 رنز سے کیا، لیکن اتراکھنڈ کے بالرز نے عمدہ واپسی کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 323 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس طرح اتراکھنڈ کو جیت کے لیے 827 رنز کا ناممکن ہدف ملا۔اتراکھنڈ کے بلے بازوں نے دوسری اننگز میں مزاحمت کی کوشش کی لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ جب میچ ڈرا قرار دیا گیا، تب اتراکھنڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لیے تھے۔
اوینیش سودھا (66)، ابھے نیگی (ناباد 57) اور سوربھ راوت (ناباد 53) نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔
کرناٹک کی جانب سے شریس گوپال نے 3 اور پرسدھ کرشنا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جموں و کشمیر: اس ٹورنامنٹ کی ‘سرپرائز’ ٹیم، جو پہلی بار فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے۔کرناٹک اور جموں و کشمیر کے درمیان فائنل ایک سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہونے کی توقع ہے۔ کرناٹک اپنے تجربے اور ماضی کے اعزازات کے ساتھ میدان میں اترے گا، جبکہ جموں و کشمیر پہلی بار ٹائٹل جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان سجائے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں