0

بڈگام میں 30 بستروں پر مشتمل’ ای ایس آئی سی‘ اسپتال کا افتتاح

50 ہزار سے زائد مزدوروں و اہلِ خاندانوں کو فائدہ//مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈیہ

سرینگر//23اپریل// مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار و امورِ نوجوانان و کھیل منسکھ مانڈویہ،، 24 اپریل کو ضلع بڈگام کے اومپورہ علاقے میں نو تعمیر شدہ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے 30 بستروں پر مشتمل اسپتال کا افتتاح کریں گے۔یہ اسپتال، جس کی گنجائش مرحلہ وار بڑھا کر 100 بستروں تک کی جا سکتی ہے، جموں و کشمیر میں ای ایس آئی اسکیم کے تحت صحت خدمات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور خطے کے 50 ہزار سے زائد مزدوروں اور ان کے اہلِ خانہ کو براہِ راست فائدہ پہنچائے گا۔یو این ایس کے مطابق تقریباً 165 کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ ایکڑ اراضی پر تعمیر کیے گئے اس اسپتال کمپلیکس میں مرکزی اسپتال عمارت، سروس بلاک اور 32 رہائشی کوارٹرز شامل ہیں، جبکہ مجموعی تعمیراتی رقبہ تقریباً 24,500 مربع میٹر ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اسپتال 30 بستروں کے ساتھ کام شروع کرے گا اور بعد میں اس کی توسیع کی جائے گی۔اسپتال میں جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں تین ماڈیولر آپریشن تھیٹرز اور ایک ایمرجنسی او ٹی شامل ہے تاکہ ہنگامی اور منصوبہ بند سرجریاں بآسانی انجام دی جا سکیں۔ اس کے علاوہ چار مریض لفٹس، جدید ایچ وی اے سی نظام، سولر واٹر ہیٹنگ اور سیوریج و ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس جیسی ماحول دوست سہولیات بھی دستیاب ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران مرکزی وزیر تعمیراتی کام میں حصہ لینے والے مزدوروں کو اعزاز سے بھی نوازیں گے، جو اس منصوبے کی تکمیل میں ان کی خدمات کا اعتراف ہوگا۔بڈگام اور ملحقہ علاقوں کے ممکنہ مستفیدین نے اس اسپتال کو دیرینہ ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ای ایس آئی اسکیم کے تحت علاج معالجے کی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ مقامی مزدوروں کے مطابق پہلے معمولی علاج کیلئے بھی سری نگر یا دیگر اضلاع کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب قریبی سطح پر بہتر سہولت دستیاب ہوگی۔حکام کے مطابق ای ایس آئی اسکیم کا آغاز جموں و کشمیر میں اکتوبر 1989 میں تقریباً 7 ہزار مزدوروں کے ساتھ ہوا تھا، جو اب بڑھ کر 1.83 لاکھ بیمہ شدہ افراد اور تقریباً 7 لاکھ مستفیدین تک پہنچ چکی ہے۔ فی الحال بنیادی طبی خدمات مختلف اضلاع میں ڈسپنسریوں اور برانچ دفاتر کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ثانوی سطح کی سہولیات باری برہمنہ میں قائم 50 بستروں پر مشتمل ای ایس آئی سی ماڈل اسپتال اور نجی اداروں کے اشتراک سے فراہم کی جاتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں