0

ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے جموں میں معمولات زندگی متاثر

جموں، 28 مارچ (یو این آئی) ٹرانسپورٹروں کی طرف سے یک روزہ ہڑتال کے باعث جموں میں جمعرات کے روز لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔
بتادیں کہ ٹرانسپورٹروں نے جموں کے اہم روٹس پر ای گاڑیاں چلانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف جمعرات کو ہڑتال کی۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے بچوں و غیرہ کے ساتھ پیدل سفر کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں سے مسافر بر دار گاڑیاں غائب تھیں تاہم نجی گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں تھیں۔
ایک ٹرانسپورٹر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘ہم عوام کی خدمت اچھی طرح سے کرتے تھے لیکن اب یہاں ای گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں جس سے ہماری روزی روٹی متاثر ہوگی’۔
انہوں نے کہا کہ ہم ای گاڑیاں چلانے کے خلاف نہیں ہیں لیکن ان کو ایسے روٹس پر چلایا جانا چاہئے جہاں ٹرانسپورٹ کی کمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں مسافر بر دار گاڑیوں کی بہتات ہے بیس سے پچیس ہزار لوگوں کی روزی روٹی اسی کے ساتھ وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہمارا روزگار متاثر ہوگا۔
ایک مقامی نے بتایا کہ ٹرانسپوٹروں کی ہڑتال سے ہم پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘کسی کو کالج جانا ہے، کسی کو ہسپتال جانا ہے لیکن گاڑی کے بغیر وہ کیسے اپنے منزل تک پہنچ سکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘حکومت کو چاہئے کہ ان کے ساتھ بات کرکے ان کے مسئلے کو حل کرے تاکہ عام لوگوں کا مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے’۔
ٹرانسپورٹروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر راہل یادو نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹرانسپورٹروں کے ساتھ اس سلسلے میں کئی میٹنگیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ بات کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیت فراہم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں کے لوگ ای بس سروس سے خوش ہیں اور ہمیں مزید علاقوں سے یہ سروس شروع کرنے کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں