تمام محکموں کو ہم آہنگی اور عوامی بیداری یقینی بنانے کی ہدایت
سرینگر//19 اپریل// ضلع پونچھ میں ضلعی انتظامیہ نے 20 اپریل سے 24 اپریل تک سول ڈیفنس کے تحت ایئر موک ڈرلز اور بلیک آو ¿ٹ مشقوں کے انعقاد کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک سرکاری مراسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو مکمل تیاری اور باہمی تال میل کے ساتھ اس اہم مشق کو کامیاب بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق سرکاری احکامات کے مطابق پولیس، محکمہ صحت، پبلک ورکس جل شکتی، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر کلیدی اداروں کو سول ڈیفنس حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد ہنگامی حالات، خصوصاً فضائی خطرات یا دیگر غیر معمولی صورتحال کے دوران فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط کرنا ہے۔ اس کے علاوہ عوام کو بھی ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں گھبراہٹ کے بجائے منظم انداز میں ردعمل دیا جا سکے۔حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی طور پر ضروری انتظامات مکمل کرنے، لاجسٹک سپورٹ کو یقینی بنانے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موثر رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ عوامی بیداری مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ شہری ان مشقوں کے دوران تعاون کریں اور مقررہ ہدایات پر عمل کریں۔متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان مشقوں کے دوران کی گئی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں، جسے بعد ازاں اعلیٰ حکام کو ارسال کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مشقیں نہ صرف ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مضبوط کریں گی بلکہ عوام اور اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی بھی پیدا کریں گی۔
0
