سرینگر، 25 اپریل (عقاب ویب ڈیسک): پولیس نے ہفتہ کے روز بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری سخت کارروائی اور “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت سرینگر پولیس نے منشیات اسمگلروں سے تعلق رکھنے والی ساڑھے تین کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
پولیس نے جی این ایس کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن سنگام نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت ایف آئی آر نمبر 56/2025 بمطابق این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20 اور 29 میں ملوث ملزمان سے منسلک دو غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
ضبط شدہ جائیدادوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
ملزم شکیل احمد گنائی ولد عبدالستار گنائی، ساکن کریش بل، نورباغ، سرینگر کی ایک کنال زمین سمیت دو منزلہ رہائشی مکان جس کی مالیت دو کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ملزم فاروق احمد میرولد عبدالرحمٰن میر، ساکن کریش بل، نورباغ، سرینگر کی ایک کنال زمین سمیت دو منزلہ رہائشی مکان جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔
ضبط شدہ جائیدادوں کو منشیات اسمگلنگ سے حاصل کردہ ناجائز آمدنی سے خریدا گیا بتایا گیا ہے۔
یہ سخت اقدامات منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث افراد کو روکنے کے مقصد سے اٹھائے جا رہے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور منشیات اسمگلنگ سے متعلق کوئی بھی معلومات فراہم کر کے منشیات سے پاک معاشرہ بنانے میں مدد کریں۔
سرینگر پولیس نہ صرف مجرمان کو گرفتار کرکے بلکہ ناجائز ذرائع سے حاصل کردہ جائیدادوں کو ضبط کر کے غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
