0

سی آئی کے نے سرینگر سنٹرل جیل میں تلاشی، دہشت گردی کیس میں ڈیجیٹل آلات ضبط

عقاب نیوز ڈیسک

سرینگر، 25 اپریل : جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) ونگ نے دہشت گردی سے منسلک ایک مقدمے کے سلسلے میں سنٹرل جیل سرینگر میں تلاشی مہم چلائی اور ڈیجیٹل مواصلاتی آلات ضبط کیے، حکام نے ہفتہ کے روز بتایا۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ تلاشی 25 اپریل کو این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد ایک خصوصی عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ کی بنیاد پر عمل میں آئی۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن سی آئی کشمیر میں درج ایف آئی آر نمبر 06/2023 کے تحت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مقدمہ آئی پی سی کی دفعات 153-A، 505، 121 اور 120-B کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات 13 اور 39 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

اہلکار نے کہا: ”جیل احاطے کے اندر مشکوک ڈیجیٹل سرگرمیوں سے متعلق تکنیکی اطلاعات کی بنیاد پر، جیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعدد بیرکوں اور بلاکس میں تلاشی آپریشن چلایا گیا۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ اس آپریشن کے دوران ڈیجیٹل مواصلاتی آلات اور دیگر مشتبہ مواد برآمد کر کے ضبط کیا گیا۔

ضبط شدہ آلات کو ممکنہ روابط کا تعین کرنے اور مقدمے سے جڑے کسی وسیع تر نیٹ ورک کی شناخت کے لیے فرانزک معائنے کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی یہ تحقیقات بھی شروع کی گئی ہیں کہ یہ آلات انتہائی حساس جیل کے اندر کیسے پہنچے اور کون سے سہولت کار اس میں ملوث ہیں۔

اہلکار نے کہا کہ یہ آپریشن حساس اداروں بالخصوص جیلوں میں مواصلاتی آلات کے غلط استعمال کو روکنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کی تحقیقات کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ — (کے این او)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں