0

گراؤنڈ سے بال پکڑنے والا اب ٹرافی پکڑ کر کھڑا ہے: بابر اعظم کا وہ بیان جس نے سب کوجذباتی کر دیا

لاہور ، 4 مئی ( یو این آئی) پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے چیمپئن بننے پر بابر اعظم کا جذباتی بیان سامنے آ گیا۔ پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے چیمپئن بننے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ”الحمدللہ، چیمپئنز۔ بابر اعظم نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے اور ہر مشکل صورتحال میں پوری ٹیم ایک ساتھ کھڑی رہی۔
انہوں نے اپنی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا، میں کبھی ایک بال بوائے تھا، باؤنڈری پر کھڑا ہو کر خواب دیکھا کرتا تھا۔
انہوں نے نوجوانوں کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج کوئی بال بوائے یقین کے ساتھ بیٹ اٹھائے تو یہ فتح اس کیلئے معنی رکھتی ہے کیونکہ محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔ بابر اعظم نے اپنی کامیابی کو فیملی، زلمی مینجمنٹ اور دوستوں کی سپورٹ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور محنت کی اور غلطیوں پر قابو پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں قریبی دوستوں، فیملی اور کوچز نے بھرپور ساتھ دیا جس سے انہیں دوبارہ فارم حاصل کرنے میں مدد ملی۔ بابر اعظم نے کہا کہ فارم میں واپسی پر خوشی ہے اور وہ اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بطور کپتان وہ ہمیشہ مد مقابل ٹیم کو دیکھ کر حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں۔ انہوں نے سابق عظیم کرکٹر ظہیر عباس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل دور میں جب بھی ان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے حوصلہ افزائی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں