عقاب ویب ڈیسک ۔۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دیگر ملکوں کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں ’پروجیکٹ فریڈم‘ عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ’ ایران کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔‘
امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا’ پاکستان اور دیگر ملکوں کی درخواست پر، ایران کے خلاف مہم کے دوران ہمیں شاندار فوجی کامیابی ملی ہے، اس کے علاوہ حقیقت یہ ہے کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
’ہم نے باہمی اتفاق کیا ہے کہ اگرچہ ناکہ بندی پوری طاقت سے جاری اور موثر رہے گی لیکن ’پروجیکٹ فریڈم‘ (آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری جہازوں کی موومنٹ) کو مختصر مدت کے لیے معطل کردیا جائے، یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط ہو سکتے ہیں یا نہیں۔‘
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ پیر کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ، آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے میں مدد کا آغاز کرے گا جبکہ ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ اس اہم گزرگاہ میں کسی بھی امریکی ’مداخلت‘ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کی رہنمائی کے اقدام کو ’پروجیکٹ فریڈم‘ قرار دیا ہے۔
اس وقت صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن غیرجانبدار اور معصوم ممالک کی مدد کرے گا جن کے جہاز ایران جنگ کی وجہ سے آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘
’ہم ممنوعہ پانیوں میں سے ان جہازوں کو باہر لانے کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنے کام کو آگے بڑھا سکیں۔‘
امریکی صدر نے اس عمل کو انسانی ہمدردی کے تحت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کسی بھی قسم کی مداخلت سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تجارت کے حوالے سے بہت اہمیت کی حامل ہے جس کو ایران نے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد بند کر دیا تھا جس سے عالمی سطح پر تیل کی تجارت کو دھچکا لگا اور قیمتیں تیزی سے بڑھیں۔
0
