نئی دہلی، 5 مئی : حکومت نے سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 33 سے بڑھا کر 37 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منگل کو یہاں منعقدہ کابینہ میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔
میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس فیصلے کے بعد سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کو چھوڑ کر ججوں کی تعداد 37 ہو جائے گی۔ اس کے لیے سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ترمیمی بل، 2026 پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اس ترمیم سے سپریم کورٹ کے ججوں کی تعداد میں چار کا اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ججوں کی تعداد بڑھنے سے عدالت عظمیٰ زیادہ مؤثر اور کارآمد طریقے سے کام کر سکے گی اور اس سے مقدمات کے جلد تصفیے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ججوں اور معاون عملے کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات پر ہونے والا خرچ ہندستان کے کنسولیڈیٹیڈ فنڈ سے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ (ججوں کی تعداد) ایکٹ 1956 کے تحت وقتاً فوقتاً ترمیم کر کے ججوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے اور 2019 میں اسے بڑھا کر 33 کیا گیا تھا۔
یواین آئی
0
