0

مغربی بنگال میں پہلی بی جے پی حکومت کے وزیراعلیٰ سویندو ادھیکاری ہوں گے

کولکاتا : مغربی بنگال کی سیاست میں ایک تاریخی موڑ آ گیا ہے۔ طویل قیاس آرائیوں کے بعد آخرکار سویندو ادھیکاری کو مغربی بنگال میں بی جے پی مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اب وہ ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی۔

جمعہ کے روز بسوا بنگلہ کنوینشن سنٹر میں بی جے پی کے نو منتخب اراکین اسمبلی کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں پارٹی کی جانب سے مقرر کردہ مرکزی مبصر امت شاہ اور شریک مبصر موہن چرن ماجھی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر شویندو ادھیکاری کو مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کئی اراکین اسمبلی نے سویندو ادھیکاری کے نام کی حمایت کی اور انہیں “مغربی بنگال میں بی جے پی کے چہرے” کے طور پر پیش کیا۔ انتخاب کے بعد پارٹی کارکنوں اور حامیوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا جبکہ کولکاتا سمیت مختلف علاقوں میں جشن منایا گیا۔

سویندو ادھیکاری اب جلد ہی گورنر آر این روی سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ راج بھون میں آئندہ چند دنوں کے اندر حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔ انتخابی نتائج مغربی بنگال کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے، کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ریاست کی سیاست بنیادی طور پر ترنمول کانگریس اور بائیں محاذ کے گرد گھومتی رہی ہے۔ بی جے پی کی اس کامیابی کو ریاست میں سیاسی توازن کی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سویندو ادھیکاری ماضی میں ترنمول کانگریس کے اہم لیڈر رہ چکے ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ گزشتہ چند برسوں میں وہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے سب سے نمایاں چہروں میں شامل رہے اور ریاستی سیاست میں مضبوط اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپنی شناخت بنائی۔

اب ان کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ریاست میں نئی سیاسی صف بندی اور انتظامی ترجیحات پر نظریں مرکوز ہو گئی ہیں۔ بی جے پی قیادت نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی حکومت “ترقی اور قانون کی حکمرانی” کو ترجیح دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں