0

منشیات کے خلاف بڑی کارروائی: سری نگر اور اننت ناگ میں اسمگلروں کی کروڑوں مالیت کی جائیدادیں ضبط

سری نگر،7 مئی :جموں و کشمیر میں جاری 100 روزہ “نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے سری نگر اور اننت ناگ میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ پولیس کے مطابق سری نگر کے چنپورہ اور قمر واری علاقوں میں بدنام منشیات فروشوں کی دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی گئیں۔
ایک کارروائی میں بودشاہ نگر، چنپورہ کے رہائشی ملزم حذیف شبیر ڈار کا دو منزلہ رہائشی مکان، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے، ضبط کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ یہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ رقم سے بنائی گئی تھی۔
اسی طرح پولیس پوسٹ قمر واری نے بدنام منشیات فروش باسط احمد بابا عرف “آئیکن” کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا دو منزلہ مکان ضبط کر لیا۔ یہ جائیداد اس کے والد کے نام پر درج تھی اور اس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات منشیات فروشوں کے مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنے اور غیر قانونی کمائی سے بنائی گئی جائیدادوں کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ادھر اننت ناگ میں بھی پولیس نے ایک اور بڑے منشیات فروش جاوید احمد راتھر ساکن واگھامہ کی تقریباً ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کی۔
ضبط شدہ املاک میں دو منزلہ رہائشی مکان، 20 دکانوں پر مشتمل شاپنگ کمپلیکس اور ایک کنال چھ مرلہ زمین شامل ہے۔ پولیس کے مطابق تمام کارروائیاں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انجام دی گئیں۔ جموں و کشمیر پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
یواین آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں