0

وادی کشمیر میں شراب کی دکانوں کے خلاف بی جے پی کا احتجاج، مکمل پابندی کا مطالبہ

سری نگر /مئی 15 عقاب نیوز ڈیسک: جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں نے وادی کشمیر میں شراب کی دکانوں کے آپریشن کے خلاف زوردار احتجاج کیا اور کشمیر ڈویژن میں شراب کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان اور رہنماؤں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

جموں و کشمیر بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “بی جے پی کشمیر ہر قسم کے نشہ آور مواد کے سخت خلاف ہے۔ نیشنل کانفرنس یہاں کے نوجوانوں کو شراب میں ڈبونا چاہتی ہے اور وہ کھلم کھلا شراب نوشی کی حمایت کر رہی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ کشمیر اولیاء اور بزرگوں کی سرزمین ہے اور ہم اس مقدس سرزمین پر شراب کی دکانیں کھلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

الطاف ٹھاکر نے عمر حکومت کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ “اگر عمر حکومت نے اس معاملے کا نوٹس نہ لیا تو ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور بی جے پی شراب کی دکانوں کو تالہ لگائے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اُس جماعت کے لیے واضح انتباہ ہے جو محض محاصل کی خاطر شراب کی حمایت کر رہی ہے اور نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر وادی میں شراب کی دکانوں کے قیام کا مسئلہ کچھ عرصے سے سیاسی اور سماجی حلقوں میں زیرِ بحث ہے اور مختلف مذہبی و سیاسی تنظیمیں اس کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں