0

اسمبلی کمیٹیوں پر تنازعہ:بھارتیہ جنتا پارٹی جلد بائیکاٹ سے متعلق فیصلہ کرے گی: قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما

جموں، 14 مئی : جموں و کشمیر اسمبلی کی ہاؤس کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کی تقسیم پر تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ قائدِ حزبِ اختلاف سنیل کمار شرما نے جمعرات کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جلد ایک اجلاس منعقد کرے گی تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ کیا جائے یا نہیں۔

نیوز ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ کمیٹی چیئرمین شپ کی تقسیم غیر منصفانہ تھی اور اس میں جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس اور اس کے اتحادیوں کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا، “ہم فیصلہ کریں گے کہ کمیٹیوں کی کارروائی سے دور رہنا ہے یا نہیں۔”

قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ اسمبلی کو جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کا ہیڈکوارٹر بنایا جا رہا ہے اور اپوزیشن کی آواز کو دبایا جا رہا ہے تاکہ وہ “نااہل” حکومت کی ناکامیوں اور غلطیوں کو اجاگر نہ کر سکیں۔

شرما نے اسپیکر پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ متناسب نمائندگی کے اصول کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “اسپیکر کھلے عام حکمران اتحاد کا ساتھ دے کر جمہوری اقدار کو کمزور کر رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ میں اپوزیشن کو نہ ہونے کے برابر نمائندگی دینا “جموں و کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین” ہے۔

شرما نے سوال اٹھایا کہ حکمران اتحاد، جس کے پاس 54 اراکین اسمبلی ہیں، کو آٹھ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کیسے دی جا سکتی ہے، جبکہ 29 نشستوں والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو صرف ایک چیئرمین شپ دی گئی۔ انہوں نے کہا، “جو لوگ اس فیصلے کا دفاع کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ حقائق کو اپنے فائدے کے لیے توڑ مروڑنے کے بجائے پہلے متناسب نمائندگی کے اصول کو پڑھیں۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں