سرینگر، ۱۳ مئی ۲۰۲۶: عقاب ویب ڈیسک/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ضلع کُپواڑہ میں “منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم” کے تحت منعقدہ پدیاترا میں شرکت کی اور عوام سے براہِ راست خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۳۲ دنوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے پورے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کامیاب کارروائیاں کی گئی ہیں اور یہ عوامی تحریک اب منشیات کے خلاف ایک حقیقی انقلاب کی صورت اختیار کر رہی ہے۔
ایل جی منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں نے نارکو-دہشت گرد نیٹ ورکس کی کمر توڑ دی ہے۔ اسمگلروں کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں، اثاثے منجمد کیے گئے ہیں اور ۱۵ اسمگلروں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی باضابطہ سفارش کی گئی ہے۔ اب تک ۷۳۰ سے زائد اسمگلر اور پیڈلر گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
پدیاترا میں ہزاروں شہریوں، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی اور منشیات کے خلاف جنگ میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے حکومت کے ساتھ مل کر معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کا عزم دہرایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم صرف گرفتاریوں تک محدود نہیں، بلکہ منشیات کے مالیاتی ڈھانچے کو مکمل طور پر تباہ کرنا اس کا اصل ہدف ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید سخت کارروائیاں متوقع ہیں اور انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔
