سری نگر،2جنوری(یو این آئی) ضلع شوپیان میں جموں و کشمیر پولیس نے غیر مجاز ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کے استعمال کے خلاف ایک ہمہ گیر جانچ مہم کے دوران 15 افراد کی نشاندہی کی ہے۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ کے جاری کردہ احکامات کی سخت تعمیل میں عمل میں لائی گئی، جن کا مقصد ایسے وی پی این استعمال کو روکنا ہے جو خفیہ پلیٹ فارمز یا آن لائن ذرائع کے غلط استعمال کا سبب بن سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق، تکنیکی جانچ اور پس منظر کی تفصیلی تصدیق کے بعد تمام 15 افراد کے خلاف کسی دہشت گردانہ تعلق یا مجرمانہ سرگرمی کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور معاملے میں کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ تاہم، احتیاطی کارروائی کے طور پر 10 افراد کے خلاف سکیورٹی پروسیڈنگز شروع کی گئی ہیں، جن کا تعلق زیادہ تر نوجوان طبقے سے بتایا جاتا ہے۔ انہیں مستقبل میں غیر مجاز وی پی این کے استعمال سے باز رہنے کی سخت ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ نشاندہی شدہ افراد میں پانچ کم عمر بھی شامل ہیں، جنہیں ان کے سرپرستوں کی موجودگی میں مشاورت دی گئی اور انہیں قانونی آن لائن رویے، ڈیجیٹل نظم و ضبط اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔
جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ وہ ضلع میں آن لائن پلیٹ فارمز کے غلط استعمال کو روکنے، قانونی احکامات کے نفاذ اور سائبر سکیورٹی کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
0
