نئی دہلی، 5 اپریل (یو این آئی) ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کے اندر لاپتہ ہونے والے اپنے دو لڑاکا طیارہ پائلٹس کو ایک “حیرت انگیز ریسکیو آپریشن” کے ذریعے بحفاظت نکال لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایران کی فضائی دفاعی کارروائی میں ایک امریکی ایف۔ 15 فائٹر جیٹ مار گرایا گیا تھا جس میں دو افراد سوار تھے۔ ان میں سے ایک کو پہلے ہی بچا لیا گیا تھا، جبکہ دوسرے کی تلاش جاری تھی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق، امریکی فوج نے ایک خطرناک اور خفیہ آپریشن کے دوران دوسرے عملے کے رکن کو بھی تلاش کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر لیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق دونوں افراد اب محفوظ ہیں، اگرچہ ایک اہلکار زخمی ہوا تھا لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ٹرمپ نے اس آپریشن کو امریکی تاریخ کے “سب سے جرات مندانہ ریسکیو مشنز میں سے ایک” قرار دیا ۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا، جہاں دونوں ممالک کی افواج اس پائلٹ کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران نے نہ صرف ایف -15 طیارہ گرایا بلکہ ایک امریکی اے 10 لڑاکا طیارہ کو بھی نشانہ بنایا، تاہم اس کا پائلٹ بحفاظت باہر نکل گیا۔
0
