0

بی جے پی کے 47 ویں یوم تاسیس پر پارٹی صدر، وزیر اعظم اور رہنماؤں نے ‘ ملک مقدم’ کے عزم کو دہرایا

بی جے پی کے 47 ویں یوم تاسیس پر پارٹی صدر، وزیر اعظم اور رہنماؤں نے ‘ ملک مقدم’ کے عزم کو دہرایا
نئی دہلی، 06 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 47 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی صدر نتن نبین، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ کئی سینئر رہنماؤں نے پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو مبارکباد دی اور ‘ملک مقدم’ کے عزم کو دہرایا مسٹر نبین نے اس موقع پر بی جے پی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ‘ملک سب سے مقدم’ کے عزم کا اعادہ کیا اور ‘ وکست بھارت ‘ کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جن سنگھ سے لے کر دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی بننے تک کا یہ سفر کارکنوں کی قربانیوں اور لگن کا نتیجہ ہے۔

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اور آسام میں ایک انتخابی ریلی کے ذریعے کارکنوں کو مبارکباد دی اور ‘ ملک مقدم ‘ کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ ‘ملک مقدم ‘ کے اصول پر چلتے ہوئے سماجی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کی بے لوث خدمت، لگن اور گڈ گورننس کے تئیں وابستگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی انتھک کوششوں نے پارٹی کو آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے ان لاتعداد کارکنوں کو بھی یاد کیا جن کی قربانیوں نے پارٹی کی ترقی کو شکل دی۔

مسٹر مودی نے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی پارٹی کے طور پر کھڑی ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کو اپنے وژن کے مرکز میں رکھتی ہے۔ یہ مرکز اور مختلف ریاستوں میں ہمارے کاموں سے بھی جھلکتا ہے۔ بی جے پی ایک ‘ وکست بھارت ‘ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمارا اجتماعی عزم اس وژن کو آگے بڑھاتا رہے اور ہندوستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جائے۔”

وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی اور پنڈت دین دیال اپادھیائے کے نظریات سے متاثر بی جے پی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ملک کی تعمیر نو کا ایک عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہندوستانی ثقافت اور اقدار کی بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کا قیام 6 اپریل 1980 کو عمل میں آیا تھا، جو بھارتیہ جن سنگھ کے نظریاتی ورثے کو لے کر آگے بڑھی۔ آج بی جے پی ملک کی اہم سیاسی جماعتوں میں شامل ہے اور مرکز سمیت کئی ریاستوں میں برسرِ اقتدار ہے۔ یوم تاسیس کے موقع پر بی جے پی رہنماؤں نے تنظیم کے نظریے، کارکنوں کے کردار اور ‘ وکست بھارت’ کے ہدف کو دہراتے ہوئے مستقبل کی سمت واضح کی۔ پارٹی نے ایک بار پھر ‘ ملک مقدم ‘ کو اپنا بنیادی جذبہ قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں