تہران، 7 اپریل: عقاب ویب ڈیسک//سفارت خانۂ ہند تہران نے ایران میں موجود بھارتی شہریوں کے لیے تازہ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے آئندہ 48 گھنٹوں تک انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ خطے میں جاری جنگی صورتحال میں شدت آ گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی موجودہ جگہوں پر ہی رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور خاص طور پر برقی تنصیبات، فوجی مراکز اور کثیر منزلہ عمارتوں کی بالائی منزلوں سے دور رہیں۔ شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے اور کسی بھی ہائی وے سفر سے قبل سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
سفارت خانے نے مزید کہا ہے کہ جو افراد سفارت خانے کے زیر انتظام ہوٹلوں میں مقیم ہیں وہ وہیں قیام کریں اور سفارتی عملے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، جبکہ تمام شہریوں کو سرکاری اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ایران جنگ: موجودہ صورتحال
ادھر ایران میں جاری جنگی صورتحال تیزی سے سنگین رخ اختیار کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف فوجی اور انفراسٹرکچر اہداف پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایران نے بھی جوابی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
تازہ رپورٹس کے مطابق ایران نے خلیجی خطے میں توانائی کے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تیل کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے، جس سے عالمی سطح پر معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
مزید برآں، امریکہ کی جانب سے ایران کو الٹی میٹم دیے جانے اور ممکنہ مزید حملوں کی دھمکیوں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ ایران نے بھی بغیر شرائط جنگ بندی سے انکار کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ حالات نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں، جس کے باعث مختلف ممالک اپنے شہریوں کے لیے حفاظتی ایڈوائزریز جاری کر رہے ہیں۔
