0

مسلسل لینڈ سلائیڈنگ سے جموں-سری نگر قومی شاہراہ بند، ایک ہزار سے زائد گاڑیاں درماندہ

اننت ناگ 8 اپریل/عقاب نیوز ڈیسک//: جموں و کشمیر میں مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جموں-سری نگر قومی شاہراہ (این ایچ-44) پر گزشتہ رات سے ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد گاڑیاں مختلف مقامات پر درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق کرول برج اور چندرکوٹ کے درمیان شاہراہ کے دونوں اطراف مٹی کے تودے گرنے سے راستہ بند ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بھاری ملبہ اور پتھروں کے مسلسل گرنے کے خدشے کے پیش نظر شاہراہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے جموں اور سری نگر دونوں جانب سے ٹریفک روک دی گئی ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک (رورل) روندر پال سنگھ نے بتایا کہ شاہراہ کی بحالی کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اور عملہ مشینری کی مدد سے ملبہ اور پتھر ہٹانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی شاہراہ کو قابلِ آمدورفت بنایا جائے گا، سب سے پہلے درماندہ گاڑیوں کو روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی جانب سے صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، تاہم وقفے وقفے سے پتھروں کے گرنے کے باعث بحالی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ شاہراہ کھلنے کے بعد مال بردار گاڑیوں، خاص طور پر میوہ سے لدے ٹرکوں کو ترجیح دی جائے گی۔

حکام نے ڈرائیوروں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور درماندہ گاڑیاں اپنی جگہ پر ہی کھڑی رکھیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں