سرینگر، 10 اپریل (یو این آئی) بارامولہ ضلع کی پولیس نے وسّان کنزر میں ایک بڑے زمین فراڈ کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے زمین کے دلال اور سرکاری اہلکار بن کر خریدار کو بے وقوف بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 13.5 کنال زمین پر ملکیت کے جھوٹے دعوے تیار کیے اور ایک ساتھی کو مالک کے طور پر پیش کیا، جبکہ ایک نے پٹواری کا روپ دھارا اور دیگر نے ریونیو افسران کا بہروپ اختیار کر کے ڈیل کو قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی۔
شکایت کنندہ عبد الاحد ملک، رہائشی پانزی نارا شلٹینگ، نے پہلے ہی 4.10 لاکھ ادا کر دیے تھے — 4 لاکھ نقد اور 10,000 بینک ٹرانسفر کے ذریعے — اور انہیں مزید 20 لاکھ کا بندوبست کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا جب پولیس نے مداخلت کی۔
گرفتار شدگان کی شناخت غلام محمد وانی (پلوامہ)، مسعود احمد وانی (پِر باغ سرینگر)، محمد یوسف وانی (پندتھ پورہ کنزر بارامولہ)، محمد عبداللہ میر (شلوات سونواڑی بانڈی پورہ)، بلال پراّی (مارکندل)، فیاض احمد خاندے (ٹکن واری سرینگر) اور ریاض احمد میر (شیخزو گنڈربل) کے طور پر کی گئی ہے۔
گرفتار شدگان میں سے محمد وانی نے پٹواری کا بہروپ اپنایا جبکہ مسعود وانی نے مبینہ جائیداد کے مالک کے بیٹے کا روپ دھارا۔ باقی ملزمان اس فراڈ میں دلالوں کا کردار ادا کر رہے تھے۔
پولیس نے کہا کہ وسّان بنگل میں زمین سے متعلق جعلی ریونیو دستاویزات آپریشن کے دوران برآمد اور ضبط کی گئیں۔
کنزر تھانہ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور دیگر شریک ملزمان کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جائیداد کے لین دین سے قبل سرکاری ذرائع کے ذریعے زمین کے ریکارڈ اور شناخت کی تصدیق کریں۔
یواین آئی
0
