0

وادی کشمیر میں موسلا دھار بارشیں اور شدید ژالہ باری

شوپیاں : 7 اپریل (عقاب نیوز ڈیسک): وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے وقفہ وقفہ کے ساتھ جاری بارشوں کے بیچ پیر کی شام ضلع شوپیان میں شدید ژالہ باری ہوئی۔ اچانک ہوئی اس ژالہ باری نے محنت پر پانی پھیر دیا۔ موسلادھار بارشوں اور طوفانی ژالہ باری کے باعث متعدد علاقوں میں کھڑی فصلوں اور باغات میں شگوفوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ضلع شوپیان کے سید پورہ، شمشی پورہ، پائن، چک سید پورہ اور ان سے متصل دیگر علاقوں میں پیر کی شام دیر گئے اچانک آسمان سے برفیلے اولوں کی بارش شروع ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کھیتوں اور باغات کو اپنی زد میں لے لیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق ژالہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، تاہم اس مختصر وقت میں ہی سیب کے باغات، سبزیوں کی فصلوں اور دیگر زرعی پیداوار کو شدید نقصان پہنچا۔

کاشتکاروں اور باغبانوں نے بتایا کہ اس وقت فصلیں نازک مرحلے میں تھیں اور اس غیر متوقع ژالہ باری نے ان کی کئی مہینوں کی محنت کو تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی موسمی بے اعتدالی اور غیر یقینی صورت حال نے زرعی شعبے کو متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں اس طرح کی قدرتی واقعات نے ان کے معاشی حالات کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔

متاثرہ کسانوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت امداد فراہم نہ کی گئی تو انہیں شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مقامی لوگوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کی جانب سے پہلے سیب کے باغات کو انشورنس کے دائرے میں لانے اور کراپ انشورنس اسکیم کو جموں و کشمیر میں نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم زمینی سطح پر اس پر خاطر خواہ عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس اسکیم کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے نقصانات کی صورت میں کسانوں کو تحفظ فراہم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں