0

جموں و کشمیر میں اسکول تعلیم کو نئی تقویت، مرکز نے کروڑوں کی منظوری دی

جموں، 30 اپریل: پی ایم شری — اسکولز فار رائزنگ انڈیا اسکیم کے پروجیکٹ اپروول بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے جموں و کشمیر کو مجموعی طور پر 243 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔

پی اے بی کا یہ اجلاس محکمہ اسکول تعلیم و خواندگی کے مرکزی سکریٹری سنجے کمار کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کمشنر سکریٹری اسکول تعلیم رام نواس شرما کے علاوہ سماگر شکشا جموں و کشمیر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بورڈ نے گزشتہ سال اسکیم کے تحت مالی اور جسمانی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سال 2025-26 میں دستیاب 200.11 کروڑ روپے میں سے 194.53 کروڑ روپے استعمال کرتے ہوئے عملدرآمد کرنے والے اداروں کو جاری کیے گئے، جن میں بنیادی طور پر تعمیراتی کام اور متعلقہ سرگرمیوں کے لیے پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) شامل ہے۔

بورڈ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نمایاں تعلیمی بہتری کو سراہا، خاص طور پر ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر بورڈ امتحانی نتائج میں 10 فیصد اضافے کو قابل تعریف قرار دیا۔ اسکیم کے تحت جموں و کشمیر کی مجموعی مالی اور جسمانی پیشرفت کی بھی تعریف کی گئی۔

وزارت تعلیم، حکومت ہند نے آنے والے سالوں میں منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے لیے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس وقت پی ایم شری اسکیم جموں و کشمیر بھر میں 396 اسکولوں میں نافذ کی جا رہی ہے، جن میں زیادہ تر ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح کے اسکول شامل ہیں۔

افسران نے یہ بھی واضح کیا کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں اسکیم کے تحت انتہائی کم اخراجات کے بارے میں شائع ہونے والی خبریں سراسر بے بنیاد اور غلط ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں