0

ایران نے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے شرائط نرم کردیں

نیویارک ، 2 مئی (یو این آئی) امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے ایران کی جانب سے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے شرائط نرم کرنے کا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی اور جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے واشنگٹن کو ایک نئی تجویز ارسال کی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران کی جانب سے دی گئی تجاویز میں خطے میں امن اور تجارتی راستوں کی بحالی کے حوالے سے اہم اشارے دیے گئے ہیں۔ ایران نے ابنائے ہرمز کو کھولنے اور سمندری ناکہ بندی ختم کرنے کے عوض مذاکرات کی بحالی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ نئی تجویز میں امریکی ناکہ بندی کے خاتمے کو مذاکرات کے آغاز کے لیے بنیادی نکتہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق تعطل کا شکار بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسے امریکی پابندیوں میں نرمی کے ساتھ مشروط کیا ہے۔
تہران کا موقف ہے کہ اگر واشنگٹن معاشی پابندیوں کے حوالے سے لچک دکھاتا ہے تو جوہری معاہدے پر پیش رفت ممکن ہے۔ عالمی سفارتی حلقے ان نئی تجاویز کو خطے میں جاری جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ اگرچہ واشنگٹن کی جانب سے اب تک اس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ان اشاروں سے مذاکرات کی بحالی کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں