0

منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف ایل جی کی قیادت میں پیدل مارچ

سرینگر 3 مئی: منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ کے خلاف نشہ مکت مہم کے ایک حصے کے طور پر آج سرینگر میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں ایک پیل مارچ نکالا گیا۔

منشیات کے خلاف ‘پد یاترا’ کے نام سے نکالا گیا یہ مارچ شہر کے فٹ بال گراؤنڈ سے شروع ہو کر لالچوک میں واقع گھنٹا گھر پر پہنچ کر ختم ہوا۔ مارچ میں اسکولی بچوں، سرکاری ملازمین، سول سوسائٹی گروپس اور سیاسی کارکنوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ایل جی منوج سنہا کی قیادت میں نکالے گئے اس مارچ میں جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر، زراعت اور دیہی ترقی کے وزیر جاوید احمد ڈار نے بھی شرکت کی۔ مارچ کے پیش نظر جموں و کشمیر پولیس نے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے وہیں آج بازار بھی بند رکھے گئے۔

مارچ میں شامل امتیاز خان نے منشیات کے استعمال کے خلاف چلائی جا رہی اس مہم کی تعریف کی۔ خان نے کہا کہ “اس مہم نے منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیدا کی ہے اور پولیس کی کارروائی کے بعد پیڈلرز اور اسمگلروں میں خوف پیدا کیا ہے۔ اس لعنت کو معاشرے سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔”

قابل ذکر ہے کہ ایل جی منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں منشیات کی اسمگلنگ، اس کے غلط استعمال اور منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے لیے 11 اپریل کو جموں سے 100 دن کی ‘نشہ مکت ابھیان’ کا آغاز کیا۔ ان کے احکامات کے بعد پولیس اور ضلع انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ پولیس اب تک متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کر چکی ہے، ملزم منشیات فروشوں اور مبینہ سمگلروں کی متعدد جائیدادیں ضبط اور مسمار کی جا چکی ہیں۔ سول انتظامیہ نے منشیات کے خلاف سماجی بیداری پیدا کرنے اور منشیات کے استعمال اور اس کے اثرات کے خلاف ایک بیانیہ ترتیب دینے کے لیے قصبوں اور اضلاع میں انسداد منشیات ریلیاں نکالی ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر سنہا کے مطابق منشیات کے استعمال کرنے والوں اور اس کے متاثرین کے لیے بحالی کی نئی پالیسی کے علاوہ، پیڈلرز اور اسمگلروں کو تعزیری کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں فوجداری قانونی کارروائی، ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی، پاسپورٹ، گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منسوخی اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنا شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں