0

نشہ کوئی ‘کول’ چیز نہیں، بلکہ یہ آپ کی آزادی چھین لیتا ہے: منوج سنہا

سرینگر، 3 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں اتوار کو منشیات کے خلاف ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جہاں ہزاروں افراد نے منشیات کے استعمال اور نارکو ٹیررازم (منشیات کی دہشت گردی) کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کی۔
سرینگر کے ٹی آر سی فٹ بال گراؤنڈ میں منعقدہ اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یہ عوامی تحریک ریاست کو منشیات سے پاک بنانے اور نوجوانوں کو اس لت سے بچانے کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
منوج سنہا نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ نشہ کوئی ‘کول’ چیز نہیں ہے، بلکہ یہ وہ زنجیریں ہیں جو آپ کی آزادی چھین لیتی ہیں۔ ایل جی نے پڑوسی ملک پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا مرکز بننے والا ہمارا پڑوسی ملک اب ہمارے نوجوانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے منشیات بھیج رہا ہے۔ منشیات سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنائی ہے۔ گزشتہ 21 دنوں میں 481 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 518 اسمگلروںکو جیل بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جرائم کی کمائی سے بنائے گئے 24 مکانات کو منہدم اور کروڑوں کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔
منوج سنہا نے دو کلومیٹر طویل ‘پد یاترا’ کی قیادت بھی کی اور عزم ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر کی سرزمین پر منشیات کے گروہوں اور ملک دشمن عناصر کا وقت اب ختم ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں