چنئی: تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اب تک کے رجحانات میں بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اداکار وجے کی پارٹی ٹی وی کے نے رجحانات میں حکمران ڈی ایم کے اور اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹی وی کے 100 سے زیادہ سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ ڈی ایم کے اتحاد 52 سیٹوں پر آگے ہے جب کہ اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 65 سیٹوں پر آگے ہے۔
ابتدائی رجحانات میں کرور میں اے آئی اے ڈی ایم کے آگے چل رہی ہے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے امیدوار ایم آر وجے بھاسکر 1,556 ووٹوں کے فرق سے آگے ہیں۔ ٹی وی کے یہاں تیسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح سیلم کے ابتدائی رجحانات میں ٹی وی کے امیدوار لکشمنن آگے چل رہے ہیں۔
تمل ناڈو میں انتخابی نتائج کے رجحانات ایگزٹ پول کے اعداد و شمار کے برعکس ہیں۔ کیونکہ زیادہ تر ایگزٹ پولز نے ڈی ایم کے کی قیادت والے اتحاد کو آگے دکھایا تھا، جب کہ ٹی وی کے کو نمایاں طور پر کم اہمیت دی گئی تھی۔
تاہم، ایکسس مائی انڈیا کے ایگزٹ پول نے ٹی وی کے کو آگے دکھایا تھا۔ اس میں وجے کی پارٹی ٹی وی کے کو 98-120 سیٹیں جیتنے کا اندازہ لگایا گیا تھا، جب کہ ڈی ایم کے اتحاد کو 92-100 سیٹیں جیتنے کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کو 22-32 سیٹیں جیتنے کی پیشین گوئی کی گئی تھی۔
رجحانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹی وی کے کے لیڈر فیلکس جیرالڈ نے کہا کہ “ہمیں یقین ہے کہ ہم جیت جائیں گے۔ ہم بہت خوش ہیں۔ ہمیں اس کی توقع تھی۔ تمل ناڈو کے لوگ تبدیلی چاہتے تھے۔ وہ اے آئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے سے تنگ آچکے ہیں، جنہوں نے صرف لوٹنے کا کام کیا۔ اسی وجہ سے لوگ ٹی وی کے کو ترجیح دی۔ ہمارے لیڈر وجے تمل ناڈو کے لوگوں سے براہ راست جڑتے ہیں…”
تمل ناڈو میں 23 اپریل کو تمام 234 نشستوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوئے، جن میں 84.80 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جو ریاست کی انتخابی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ ریاست میں حکومت بنانے کے لیے اکثریت کا ہندسہ 118 ہے۔
ڈی ایم کے نے 164 سیٹوں پر مقابلہ کیا، جب کہ اس کی اتحادی، کانگریس نے 28 پر امیدوار کھڑے کیے۔ دوسری طرف، اے آئی اے ڈی ایم کے نے 167 سیٹوں پر، بی جے پی نے 27 سیٹوں پر، پٹالی مکل کچی (پی ایم کے) نے 18 سیٹوں پر، اور ٹی ٹی وی دھنکرن کی اے ایم ایم کے نے 11 سیٹوں پر الیکشن لڑا۔
