0

10 ہزار سے زائد گاڑیاں لے جانے والا دنیا کا سب سے بڑا کار بردار جہاز

بیجنگ،10 مئی :گلووس لیڈر نامی یہ جہاز دنیا کا سب سے بڑا کار اور ٹرک بردار بحری جہاز ہے جو حیرت انگیز طور پر 14 ڈیکس پر مشتمل ہے اور ایک وقت میں 10,800 گاڑیاں منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چین کی گوانگژو شپ یارڈ انٹرنیشنل نے حال ہی میں دنیا کے سب سے بڑے گاڑیاں لے جانے والے بحری جہاز کی تیاری مکمل کی ہے یہ 230 میٹر لمبا اور 40 میٹر چوڑا دیوہیکل جہاز مختلف اقسام جیسے الیکٹرک، ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیاں اور بھاری ٹرک کو منتقل کر سکتا ہے۔اس نئے جہاز کو پیور کار اینڈ ٹرک کیریئر قرار دیا گیا ہے جبکہ اسے جنوبی کوریا کی معروف کار ساز کمپنی ہنڈائی نے آرڈر کیا تھا۔اس دیو ہیکل جہاز کی تیاری چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن کے تحت گوانگژو شپ یارڈ انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ اور چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے مقررہ وقت سے پہلے مکمل کی ہے۔نیا گلووس لیڈر 230 میٹر لمبا، 40 میٹر چوڑا ہے اس کا ڈیزائن ڈرافٹ 10.5 میٹر ہے جبکہ اس کی رفتار 19 ناٹس تک ہے اس میں گاڑیوں کے لیے مخصوص 14 ڈیکس موجود ہیں جن پر بیک وقت 10,800 گاڑیاں رکھی جا سکتی ہیں جو اسے اب تک بنایا جانے والا سب سے بڑا پیور کار اینڈ ٹرک کیریئر بناتا ہے۔گلووس لیڈر میں جدید توانائی بچانے والی ٹیکنالوجیز شامل کی گئی ہیں جن میں بہتر ہل ڈیزائن اور ویسٹ ہیٹ ریکوری سسٹمز شامل ہیں اس میں ڈوئل فیول سسٹم استعمال کیا گیا ہے جو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) اور روایتی ایندھن دونوں پر چل سکتا ہے۔یہ جہاز انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے ٹائر تھری اخراجی معیار پر پورا اترتا ہے اور روایتی جہازوں کے مقابلے میں نائٹروجن آکسائیڈ کے اخراج میں نمایاں کمی لاتا ہے۔ماہرین کے مطابق گلووس لیڈر نہ صرف عالمی بحری گاڑیوں کی ترسیل کے شعبے میں ایک نیا معیار قائم کرتا ہے. بلکہ یہ چین کی جدید شپ بلڈنگ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور اس شعبے میں بڑھتی ہوئی برتری کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں