0

گلمرگ گنڈولا میں تکنیکی خرابی — 184 سیاح بحفاظت نکالے گئے

سری نگر، 25 مئی:- شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع گلمرگ میں پیر کے روز اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب گنڈولا کیبل کار سروس میں اچانک تکنیکی خرابی آ گئی اور سینکڑوں سیاح بیس اسٹیشن اور فیز ون (کونگڈوری) کے درمیان ہوا میں معلق ہو کر رہ گئے۔ موسم بھی ساتھ نہیں دے رہا تھا، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

حکام نے بتایا کہ جیسے ہی خرابی کی اطلاع ملی، بھارتی فوج، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، جموں و کشمیر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے مل کر ایک بڑا ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

فوج کے بیان کے مطابق پولیس اور گنڈولا مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ہنگامی کال موصول ہوتے ہی بٹاپتھری بٹالین کی ٹیمیں فوری طور پر میدان میں اتر آئیں۔ تین کیژوالٹی اسسٹنس ٹیمیں (CATs) بیس اسٹیشن اور فیز ون کے درمیان تعینات کی گئیں اور مشکل پہاڑی راستوں پر آل ٹیرین وہیکل (ATV) بھی روانہ کی گئی۔ گلمرگ ATV ایسوسی ایشن کے تعاون سے مزید گاڑیاں بھی حاصل کی گئیں۔

کتنے سیاح پھنسے؟

حکام کے مطابق گنڈولا کے دونوں مراحل بند ہونے کے بعد تقریباً 300 سیاح کیبل کار کیبنز میں پھنس گئے تھے۔ فوج نے بتایا کہ مجموعی طور پر 65 کیبل کاریں اس خرابی سے متاثر ہوئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے فیز ون کی جانب سے 17 کیبل کاروں کو کھول کر 94 سیاحوں کو نکالا، جبکہ بیس اسٹیشن کی سمت سے 15 کیبل کاروں میں پھنسے 90 افراد کو بھی بحفاظت باہر نکالا گیا۔

جی او سی کا بیان

19 ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل منوج جوشی نے کہا کہ فوج، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور دیگر اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اب تک کل 184 سیاحوں کو محفوظ طریقے سے نکالا جا چکا ہے۔ کسی بھی سیاح کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

گنڈولا اتھارٹی کی تکنیکی ٹیمیں خرابی کی نوعیت اور وجہ جاننے میں لگی ہوئی ہیں اور آخری اطلاعات تک ریسکیو اور بحالی آپریشن جاری تھا۔

لیفٹیننٹ گورنر کی نگرانی

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وہ خود اس پوری صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے چیف سیکرٹری اٹل ڈولو سے براہ راست بات کی۔ انہوں نے ڈی جی پی نلن پربھات کو فوری طور پر گلمرگ پہنچنے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پولیس، فوج اور ایس ڈی آر ایف کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ ڈی سی اور ایس ایس پی بھی آپریشن میں شامل ہیں

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کیبنز محفوظ ہیں، تربیت یافتہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے — کسی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں