0

جموں و کشمیر میں پنچایتی ووٹروں کی تعداد 72 لاکھ کے قریب

سرینگر//16مئی/ جموں و کشمیر میں پنچایتی انتخابات کیلئے ووٹروں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 72 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ حتمی ووٹر فہرستیں 20 مئی کو جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنچایتی انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کی تقریباً دو ماہ طویل مشق جمعرات کو مکمل ہوئی، جس کے بعد فہرستیں اشاعت کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ووٹروں کی تعداد میں تقریباً 3.2 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ریاستی الیکشن کمشنر شانت منونے بتایا کہ نظرثانی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ 20 مئی کو حتمی انتخابی فہرستیں شائع کر دی جائیں گی۔اعداد و شمار کے مطابق نظرثانی سے قبل پنچایتوں میں ووٹروں کی تعداد 69.80 لاکھ تھی، جو اب بڑھ کر تقریباً 72 لاکھ ہو گئی ہے۔ اس دوران تقریباً ساڑھے تین لاکھ نئے ووٹر شامل کئے گئے جبکہ ایک لاکھ 25 ہزار نام مختلف وجوہات کی بنیاد پر حذف کئے گئے۔یو این ایس کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ میونسپل یا شہری بلدیاتی اداروں کی ووٹر فہرستیں اسمبلی انتخابی فہرستوں سے حاصل کی جائیں گی۔ اسمبلی ووٹر لسٹوں کی تازہ کاری اسپیشل انٹینسیو ریویڑن یا اسپیشل سمری ریویڑن کے ذریعے متوقع ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن آف انڈیا نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں اس عمل کو فی الحال مو ¿خر رکھا ہے۔ادھر ذرائع نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے او بی سی کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں جموں و کشمیر حکومت کو خط لکھا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ یہ رپورٹ جسٹس (ر) جنک راج کوتوال کی سربراہی والے کمیشن نے فروری 2025 میں پیش کی تھی۔ذرائع کے مطابق پنچایتی انتخابات او بی سی ریزرویشن سے متعلق حکومتی فیصلے کے بغیر ممکن نہیں کیونکہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ قانون کے تحت مقامی اداروں میں او بی سی طبقے کو ریزرویشن دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت مقامی اداروں میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور خواتین کیلئے ریزرویشن موجود ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں پنچایتوں کی مدت 9 جنوری 2024 کو ختم ہو گئی تھی، جبکہ میونسپل اداروں کی مدت اکتوبر اور نومبر 2023 میں مکمل ہوئی۔ بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کی مدت بھی پنچایتوں کے ساتھ ہی ختم ہوئی تھی، جبکہ ضلع ترقیاتی کونسلوں کی مدت 24 فروری 2026 کو اختتام پذیر ہوئی۔اس وقت جموں و کشمیر میں پنچایتی راج اداروں کی تینوں سطحیں غیر فعال ہیں اور پورا خطہ منتخب مقامی اداروں سے محروم ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوران بھی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی واضح ٹائم لائن نہیں دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں