0

گاندربل تصادم: ایل جی کی جانب سے غیر جانبدار مجسٹریل انکوائری کا حکم، 7 دن میں رپورٹ طلب

سری نگر، 3 اپریل(عقاب نیوز ڈیسک): گاندربل کے علاقے ارہامہ میں پیش آئے تصادم کے واقعے پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مکمل اور غیر جانبدار مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا ہے۔

ایل جی آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انکوائری میں واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔

محکمہ داخلہ کے باضابطہ حکم نامے کے مطابق، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گاندربل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یکم اپریل 2026 کو ارہامہ گاندربل میں پیش آئے اس تصادم کی مکمل تحقیقات کریں، جس کے نتیجے میں چونتھ ولی وار، لار گاندربل کے رہائشی راشد احمد مغل ولد مرحوم گل زمان مغل جاں بحق ہوئے تھے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ مجسٹریل انکوائری مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار ہوگی، جس میں ان تمام حالات اور وجوہات کا تعین کیا جائے گا جو اس ہلاکت کا سبب بنے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تحقیقات ہر صورت میں سات (07) دن کے اندر مکمل کی جائیں اور اس کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کی جائے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مختلف سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں