سرینگر:13 اپریل /عقاب ویب ڈیسک//کشمیر کی تین یونیورسٹیوں نے امریکہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ اُس وقت اپنے معاہدے ختم کر دیے جب خفیہ ایجنسیز نے اس کی سرگرمیوں پر اعتراض ظاہر کیا۔
کشمیر کیئر فاؤنڈیشن (KCF)، جس کا ہیڈکوارٹر امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں ہے اور جو ایک غیر منافع بخش، غیر مذہبی اور غیر سیاسی تنظیم کے طور پر رجسٹرڈ ہے، نے 2025 میں کشمیر یونیورسٹی (KU)، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) اور شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، کشمیر (SKUAST) کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدے تنظیم کے قیام کے ایک سال بعد کیے گئے تھے۔
ای ٹی وی بھارت کو حاصل معلومات کے مطابق تینوں یونیورسٹیوں نے الگ الگ سرکاری خطوط کے ذریعے KCF کو ان معاہدوں کی منسوخی کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں دسمبر 2025 میں ہونے والا مشترکہ معاہدہ تعلیمی سرگرمیوں جیسے ورکشاپس، سیمینارز اور دیگر علمی پروگراموں کو فروغ دینے کے لیے تھا، خاص طور پر سائنس، ٹیکنالوجی، ہیومینیٹیز اور متعلقہ شعبوں میں۔
تاہم یونیورسٹی کی جانب سے فاؤنڈیشن کے صدر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ اس معاہدے کو جاری رکھنا “ادارے کے وسیع تر مفاد میں نہیں” ہے۔ اسی طرح اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے معاہدے کو ختم کرنے کے لیے “فورس میجر” کی شق کا استعمال کیا۔ یونیورسٹی کے مطابق اس معاہدے کے تحت کسی بھی فریق پر کوئی مالی، معاہداتی یا دیگر ذمہ داری عائد نہیں ہوئی، اور اس خط کو باضابطہ منسوخی کا نوٹس سمجھا جائے۔
