چنئی،10 مئی (یو این آئی) تمل ناڈو کی سیاست میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے، نو تشکیل شدہ پارٹی ‘تملگا ویٹری کژگم’ (ٹی وی کے) کے بانی اور اداکار سے سیاست داں بننے والے سی۔ جوزف وجے نے اتوار کو ریاست کے 13 ویں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ انہوں نے ریاست میں کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض جماعتوں، ڈی ایم کے(ڈی ایم کے) اور اے آئی اے ڈی ایم کے کو شکست دے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ وجے نے انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان دونوں جماعتوں کی تقریباً 60 سالہ سیاسی غلبہ کا خاتمہ کر دیا۔
اتوار کی صبح تقریباً دس بجے، جواہر لال نہرو انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں، گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے وجے اور ان کی پہلی کابینہ کے نو ارکان کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزراء میں ٹی وی کے کے جنرل سکریٹری این۔ آنند، آدھو ارجن، کے۔ اے سینگوٹیا، ڈاکٹر کے۔ جی ارون راج، پی۔ وینکٹ رمنن، آر۔ نرمل کمار، راج موہن، ڈاکٹر ٹی۔ کے پربھو اور مس ایس۔ کیرتھنا شامل ہیں۔ ان تمام ارکان نے تمل زبان میں ایشور کے نام پر حلف اٹھایا۔
جب مسٹر وجے کو حلف کے لیے مدعو کیا گیا اور انہوں نے ان الفاظ کے ساتھ آغاز کیا”میں، سی۔ جوزف وجے…، تو اس موقع پر حاضرین نے تالیوں کی گونج میں ان کا بھرپور استقبال کیا۔ حیران کن بات یہ تھی کہ روایتی تمل لباس کے بجائے مسٹر وجے نے سیاہ پینٹ، سفید فل آستین والی قمیض اور سیاہ کوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔
