سری نگر، ۱۰ مئی عقاب نیوز ڈیسک: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یہاں رائل اسپرنگز گالف کورس پر انڈیا گالف کارنیول ۲۰۲۶ ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ نے گالف کورس پر ٹی آف کر کے ٹورنامنٹ کا سرکاری طور پر آغاز کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گالف اور ایڈونچر ٹورازم کے لیے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور انڈیا گالف کارنیول جیسی تقریبات خطے کے عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کی ایک اعلیٰ سیاحتی منزل کے طور پر پوزیشن کو مزید مستحکم کریں گے اور مقامی معیشت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سری نگر، گلمرگ، پہلگام اور صدر جموں میں کئی گالف کورسز موجود ہیں جو نہ صرف سیاحوں اور گالف کھلاڑیوں کو یہاں کھینچتے ہیں بلکہ اس کھیل کو مقبول بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے ذاڈی بل تنویر صادق، ایم ایل اے گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ، سیکریٹری رائل اسپرنگز گالف کورس حارث احمد ہندو، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد، منتظمین اور ملک بھر سے آئے ہوئے نیز جموں و کشمیر کے گالف کھلاڑی بھی موجود تھے۔
یہ ٹورنامنٹ انوویٹو اسپورٹس لیژر کے زیر اہتمام جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کا مقصد گالف ٹورازم کو فروغ دینا اور جموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے کو مزید تقویت بخشنا ہے۔
