0

گزشتہ چھ سال میں جموں کشمیر میں امن ،استحکام اور ترقی ہم سب کے سامنے عیاں:پولیس سربراہ

سرینگر /10مئی / اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جموں و کشمیر پولیس مسلسل پاکستانی اسپانسر شدہ دہشت گردی سے لڑ رہی ہے اور لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں انسداد منشیات مہم کو آگے بڑھا رہی ہے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے اتوار کو کہا کہ فورس ہر حال میں ثابت قدم ہے اور قوم کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔سی این آئی کے مطابق آرمڈ پولیس کمپلیکس زیوان سرینگر میں نئے بھرتی ہونے والے کانسٹیبلوں کو تقرری کے خطوط کی پریزنٹیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس سربراہ نلین پربھات نے پولیس خاندان میں بھرتی ہونے والوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں اور ان کے خاندانوں کو سخت محنت اور نظم و ضبط کے ذریعے موقع حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی نظم و ضبط، ایمانداری، وفاداری، بہادری، جذبہ اور قربانی کی علامت ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ قوم کی خدمت کی نمائندگی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو دہشت گردی، منشیات، منظم جرائم اور امن و امان کے متعدد چیلنجز کا بیک وقت مقابلہ کرنا ہے۔ فورس میں شمولیت محض نوکری نہیں بلکہ قربانی، لگن اور قوم کی خدمت کی علامت ہے۔پولیس سربراہ نے کہا نے کہا”چاہے یہ پاکستانی اسپانسر شدہ دہشت گردی ہو، منظم جرائم ہو، منشیات ہو یا امن و امان کے چیلنجز، جموں و کشمیر پولیس ہر حال میں ثابت قدم ہے۔ آفات، ہنگامی حالات، یاترا یا سیاحتی نقل و حرکت کے دوران، فورس سب سے آگے رہتی ہے“۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 4000نوجوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جن میں 600 سے زیادہ خواتین بھی شامل ہیں، جسے انہوں نے حالیہ برسوں میں جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے کی جانے والی سب سے بڑی بھرتی مشق قرار دیا۔انہوں نے کہا ”ان آسامیوں کی تشہیر سال 2014 میں کی گئی تھی اور جموں و کشمیر بھر سے 5.5 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے درخواست دی تھی۔ یہ نوجوانوں کی پولیس فورس میں شامل ہونے کی بے تابی کو ظاہر کرتا ہے۔ “ ڈی جی پی نے کہا کہ جواب جموں و کشمیر میں پچھلے چھ سالوں میں بڑھتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی حد تک لیفٹنٹ گورنر کی قیادت میں امن، سلامتی اور ترقی کی نئی جہتیں پیدا ہوئی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان قومی دھارے میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب ہونے والے کانسٹیبل قوم کی تعمیر، قیام امن اور سیکورٹی کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔فورس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس میں کانسٹیبلوں کی منظور شدہ تعداد تقریباً 53ہار ہے، جب کہ اس وقت 40ہزار سے کچھ زیادہ اہلکار تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 4,000 بھرتیوں کے شامل ہونے سے ہماری آسامیاں کافی حد تک کم ہو جائیں گی اور ہماری آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ریکروٹس پاکستانی سپانسر شدہ دہشت گردوں کے خلاف پہاڑوں، جنگلوں، پہاڑوں اور دور دراز علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں “فورس ملٹی پلائر” کے طور پر کام کریں گے۔ڈی جی پی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حکومت کو دی گئی درخواستوں کے بعد مزید 6,484 کانسٹیبلوں کی بھرتی کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں