0

مٹن اننت ناگ کے دارالعلوم میں آتشزدگی، ایک طالب علم جاں بحق، تین زخمی

اننت ناگ، 12 مئی : ایک دردناک واقعے میں مٹن چوک، کورٹ روڈ اننت ناگ میں واقع مسجد و دارالعلوم بابا حیدر ریشی میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک نابالغ طالبعلم جاں بحق ہو گیا جبکہ تین دیگر جھلس کر زخمی ہو گئے، حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔

حکام نے بتایا کہ آگ 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب بھڑکی اور دارالعلوم کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ آتشزدگی و ہنگامی خدمات کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد و مدرسے کے طلبہ کے تعاون سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔

اس واقعے میں چار طلبہ جھلس گئے۔ ان کی شناخت یوں ہوئی کہ بلال احمد کمار عمر 15 سال ولد محمد اکبر ساکن وردوان، محمد ساحل مناز عمر 17 سال ولد عبدالکریم ساکن سنگل دان، عرفان گلزار عمر 14 سال ولد گلزار احمد دوئی ساکن لدرو پہلگام اور صابر فیاض تکاڑ عمر 16 سال ولد فیاض احمد ساکن ریاسی۔

تمام زخمی طلبہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بلال احمد کمار کو ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق قرار دیا۔

باقی تین زخمیوں میں سے محمد ساحل مناز کو بہتر طبی سہولیات کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر ریفر کیا گیا جبکہ عرفان گلزار اور صابر فیاض تکاڑ جی ایم سی اننت ناگ میں زیرِ علاج ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ (جی این ایس)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں