مکہ مکرمہ، 12 مئی : سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے رواں سال عازمینِ حج کی سہولت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی متعدد نئی سہولیات متعارف کراتے ہوئے اردو سمیت 11 زبانوں میں براہ راست رابطے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حج سیزن کے دوران ماضی میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں خصوصی کیبنز قائم کیے جاتے تھے جہاں اہلکار عازمین کی شکایات اور مسائل سن کر ان کے حل کی کوشش کرتے تھے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رواں برس اردو سمیت 11 اہم زبانوں میں یونیفائیڈ نمبر 1966 متعارف کرایا ہے تاکہ عازمین براہ راست رابطہ کر کے اپنی مشکلات، شکایات یا دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکیں۔
وزارت کے مطابق شکایات سینٹر کی سہولت ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے دستیاب رہے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ شکایات سینٹر میں اعلیٰ تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو عازمین کے مسائل سن کر انہیں فوری طور پر متعلقہ اداروں اور مراکز تک پہنچاتے ہیں تاکہ جلد از جلد مسئلہ حل کیا جا سکے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد زبان کی رکاوٹ کو ختم کرنا اور مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کو معیاری اور بروقت خدمات فراہم کرنا ہے۔
یواین آئی
0
