واشنگٹن، 16 مئی (اسپوتنک۔ یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر چین امریکی محصولات سے بچنا چاہتا ہے تو اسے امریکہ میں فیکٹریاں لگانی چاہئیں اور امریکی شہریوں کو روزگار دینا چاہئے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا: “اگر چین یہاں آ کر ٹیرف سے بچنا چاہتا ہے تو اسے یہاں پیداوار کرنی ہوگی، جس سے زیادہ تر امریکیوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ اگر وہ ٹیرف سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں امریکہ میں ہی مینوفیکچرنگ کرنی ہوگی۔”
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ پہلے کیے گئے ایک معاہدے کے تحت بوئنگ کے طیاروں کے آرڈر کی تعداد بڑھ کر 750 تک پہنچ سکتی ہے۔
ان کے مطابق، بیجنگ نے ابتدائی طور پر 200 بوئنگ طیارے خریدنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم چین نے ابھی تک اس معاہدے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا: “میں نے بوئنگ اور جنرل الیکٹرک کو بتایا ہے کہ ہم جنرل الیکٹرک کے انجن استعمال کریں گے، جو بہترین ہیں۔ اگر معاملات ٹھیک رہے تو یہ تعداد 750 تک جا سکتی ہے۔”
یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک چین کے سرکاری دورہ پر تھے۔ ،جہاں انہوں نے چینی صدر شی زنگ پنگ سے ملاقات اور اہم امور پر بات چیت کی۔
