0

اٹل دلو نے مچیل ماتا یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا

سری نگر، 19 مئی : جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری اٹل دلو نے منگل کے روز جموں کے ضلع کشتواڑ میں اس سال اگست میں شروع ہونے والی مچیل ماتا یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں سے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔
گزشتہ سال اگست میں مچیل مندر کے راستے میں واقع ضلع کشتواڑ کے چاشوٹی علاقے میں بادل پھٹنے کے سبب تباہ کن سیلاب آیا تھا، جس میں 65 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ کئی لوگ لاپتہ ہوگئے تھے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سالانہ مچیل ماتا یاترا کے پرامن، محفوظ اور بلا رکاوٹ انعقاد کے لیے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت چیف سیکریٹری نے کی۔
اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری نے اس سال یاترا کے محفوظ اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں دیہی ترقیاتی محکمہ کو سونپے گئے صفائی ستھرائی کے اقدامات اور متعلقہ محکموں کی جانب سے پانی کی فراہمی، بجلی، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ کے انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات شامل تھے۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں