0

ای او ڈبلیو کشمیر کی 93 لاکھ روپے کے زمین فراڈ کیس میں تلاشی

سرینگر، 19 مئی : کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے منگل کو ایف آئی آر نمبر 17/2026 کے سلسلے میں سیمسان، بڈگام میں گھروں کی تلاشی لی۔ یہ مقدمہ پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو کشمیر میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 318(4)، 336(3)، 340 اور 61(2) کے تحت درج کیا گیا ہے۔

کرائم برانچ کشمیر نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ یہ مقدمہ ملزمان غلام محی الدین ڈار ساکن جوالپورہ بڈگام اور سوم ناتھ کول ساکن بنگلور شمالی کرناٹکا/ جانی پور جموں کے خلاف مبینہ 93 لاکھ روپے کے زمین فراڈ سے متعلق ہے۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ شکایت کنندہ کو ڈرسو پلوامہ میں 5 کنال مہاجر اراضی اور بیجبہاڑہ میں 300 کھڑے درخت جعلی معاہدوں کے ذریعے خریدنے پر آمادہ کیا گیا۔ سوم ناتھ کول نے مبینہ طور پر اصل مالکان کے وکیل کے طور پر خود کو پیش کیا جبکہ غلام محی الدین ڈار نے گواہ کا کردار ادا کیا۔ تحقیقات میں مزید یہ بھی سامنے آیا کہ نہ تو وہ زمین اور نہ ہی درخت ملزمان کی ملکیت تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تحقیقات کے تسلسل میں سیمسان بڈگام میں ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں مکانات کی تلاشی لی گئی تاکہ مقدمے سے متعلق ثبوت اور دیگر اہم مواد حاصل کیا جا سکے۔

عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اقتصادی فراڈیوں سے ہوشیار رہیں اور ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر ایس ایس پی ای او ڈبلیو سرینگر (کرائم برانچ جموں و کشمیر) عبدالواحد شاہ کو دیں۔ اقتصادی فراڈ کے متاثرین سرکاری ای میل sspeow-kmr@jkpolice.gov.in پر بھی اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں