ممبئی، 20 مئی (یواین آئی) بیرونی منفی اشاروں اور روپے کی مسلسل گراوٹ کے باعث بدھ کے روز گھریلو شیئر بازاروں میں ابتدائی کاروبار میں فروخت حاوی رہی۔
بی ایس ای کا سینسیکس 394.36 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 74,806.49 پوائنٹس پر کھلا اور کھلتے ہی 671 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 301.85 پوائنٹس (0.40 فیصد) کی کمی کے ساتھ 74,899 پوائنٹس پر تھا۔
امریکہ میں بانڈز پر ریٹرن بڑھنے سے دنیا بھر کی شیئر مارکیٹوں پر دباؤ دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل کمزوری نے بھی سرمایہ کاروں کے رجحان کو متاثر کیا ہے۔ صبح کے کاروبار میں روپیہ 97 روپے فی ڈالر کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ گزشتہ کاروباری دن یہ 96.70 روپے فی ڈالر پر بند ہوا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 انڈیکس بھی 160.75 پوائنٹس گر کر 23,457.25 پوائنٹس پر کھلا۔ تادم تحریریہ 91.80 پوائنٹس یعنی 0.39 فیصد کمی کے ساتھ 23,526.20 پوائنٹس پر تھا۔ آئی ٹی، فارما اور صحت کے علاوہ دیگر شعبوں میں فروخت حاوی رہی۔ بینکنگ، فنانس، کیمیکل، آئل اینڈ گیس، آٹو اور ایف ایم سی جی کے شعبوں میں تیزی رہی۔
سینسیکس کمپنیوں میں، بی ای ایل کا حصہ فی الحال پونے تین فیصد اور ٹاٹا اسٹیل کا ڈھائی فیصد سے زیادہ نیچے ہے۔ ایٹرنل، اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور الٹراٹیک سیمنٹ بھی ایک فیصد سے زیادہ گر گئے ہیں۔ انفوسس، ٹیک مہندرا، ایشین پینٹس اور ٹی سی ایس کے حصص فی الحال زیادہ ٹریڈ کر رہے ہیں۔
0
