0

کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی حمایت کی یقین دہانی کرائی: فاروق عبداللہ

سری نگر،23اکتوبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ کانگریس پارٹی نے جموں و کشمیر سے ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند دنوں سے دونوں اتحادی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
فاروق عبداللہ نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا:’کانگریس ہمارے ساتھ ہے اور وہ ہماری حمایت کر رہی ہے۔‘
فاروق عبداللہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ کانگریس نے باضابطہ طور پر اپنی حمایت کا اعلان ابھی تک کیوں نہیں کیا، تو فاروق عبداللہ نے جواب دیا کہ’اس میں کوئی ابہام نہیں، وہ ہمارے اتحادی ہیں اور ان کا ساتھ برقرار ہے۔‘
واضح رہے کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی تھی جب کانگریس نے این سی پر الزام لگایا تھا کہ اس نے راجیہ سبھا انتخابات میں ’محفوظ نشست‘ دینے کے اپنے وعدے سے انکار کیا ہے۔
بدھ کے روز کانگریس نے نیشنل کانفرنس کی جانب سے طلب کی گئی اتحادی اراکین اسمبلی کی مشترکہ میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے تعلقات میں مزید دراڑ کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
تاہم جمعرات کو نیشنل کانفرنس کی قیادت نے واضح کیا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے اور کانگریس کی حمایت سے اتحاد کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر سے راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر انتخابات جمعہ 24 اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے اپنے امیدواروں کے نام پہلے ہی طے کر لیے ہیں اور اب اسے اپنے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہونے کی امید ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، اگر کانگریس اور پی ڈی پی دونوں نیشنل کانفرنس کے ساتھ کھڑی رہیں تو بی جے پی کے لیے ان نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا نہایت مشکل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں