0

ایران سے مذاکرات: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان روانہ، ’امید ہے بات چیت مثبت ہوگی‘

جمعہ 10 اپریل /عقاب نیوز ڈیسک//امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران سے اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔
پاکستان روانگی سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کے لیے ’واضح ہدایات‘ دی ہیں، اور انہیں توقع ہے کہ بات چیت مثبت ہوگی۔
جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے طریقہ کار کے بارے میں ’کافی واضح ہدایات‘ دی ہیں، اور مزید کہا کہ وہ ان مذاکرات کے منتظر ہیں۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایرانی نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں، تو ہم یقیناً دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہیں، یہ ایک بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر وہ ہمیں دھوکہ دینے کی کوشش کریں گے، تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ مذاکراتی ٹیم اتنی آسانی سے قائل ہونے والی نہیں ہے۔‘
خیال رہے وائٹ ہاؤس نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ٹیم نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایران سے مذاکرات کے لیے پاکستان بھیج رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ مذاکرات اسلام آباد میں سنیچر کے روز شروع ہوں گے۔
ترجمان نے کہا تھا ’ٹرمپ اپنی مذاکراتی ٹیم، جس کی قیادت امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، اور جس میں خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، کو اس ہفتے کے اختتام پر مذاکرات کے لیے اسلام آباد بھیج رہے ہیں۔‘
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران مشترکہ حملے کیے جن میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای ہلاک ہو گئے اور ایران کے فوجی و جوہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ پانچ ہفتوں میں ان حملوں کے نتیجے میں 2000 سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔
اس کے جواب میں تہران نے آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا جہاں سے دنیا کے لگ بھگ پانچویں حصے کے تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے، جس کے باعث توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا اور عالمی تجارت متاثر ہوئی۔
8 اپریل کو پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق مذاکرات 15 دن تک جاری رہ سکتے ہیں جبکہ جنگ بندی کے 22 اپریل کو ختم ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں