0

اسمبلی میں ہنگامہ: این سی رکن کے ’فرقہ پرست جماعت‘ والے بیان پر بی جے پی کا احتجاج

سری نگر،23اکتوبر(یو این آئی)جموں و کشمیر اسمبلی اجلاس کے پہلے ہی دن جمعرات کو نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی بشیر احمد ویری کے ایک بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین نے زبردست احتجاج کیا۔
یو این آئی نامہ نگار کے مطابق بشیر احمد ویری، بی جے پی کے سابق ایم ایل سی رمیش اروڑا کو خراج عقیدت پیش کر رہے تھے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ:’رمیش اروڑا ایک ایسے لیڈر تھے جنہوں نے اپنی جماعت کی فرقہ وارانہ شناخت کے باوجود ہمیشہ سیکولر ذہنیت کے ساتھ کام کیا۔ ‘
ان کے اس بیان پر ایوان میں موجود بی جے پی ارکان برہم ہوگئے۔ پارٹی کے سینئر رکن شام لال شرما نے کھڑے ہوکر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ’خراجِ عقیدت کے موقع پر اس طرح کے تضحیکی اور اشتعال انگیز جملے ناقابلِ قبول ہیں۔‘
بی جے پی ارکان نے ایوان میں کھڑے ہوکر نعرے بازی کی اور ویری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خراج عقیدت کے دوران کسی بھی جماعت یا شخصیت کے خلاف سیاسی تبصرے غیر شائستہ عمل ہیں۔
صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسمبلی اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے مداخلت کرتے ہوئے تمام اراکین کو تنبیہ کی کہ’ایوان کے دوران، خصوصاً تعزیتی حوالوں میں، کسی بھی متنازعہ یا اشتعال انگیز ریمارک سے گریز کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف سابق اراکین کی خدمات اور کارکردگی کو یاد کیا جانا چاہیے۔ایوان میں کچھ دیر تک شور شرابہ جاری رہا، تاہم اسپیکر کی مداخلت کے بعد کارروائی معمول پر آگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں