سری نگر،2 نومبر(یو این آئی) لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو سرینگر کے تاریخی پولو ویو گراؤنڈ میں منعقدہ ’دوسری کشمیر میراتھن 2025‘ کے فاتحین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس ایونٹ کو اتحاد، نظم و ضبط اور حوصلے کی علامت قرار دیا۔
سنہا نے کہا، ’میں تمام فاتحین اور شرکاء کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ میں ان کے ناقابلِ تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میراتھن عوام اور برادریوں کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے جو ترقی، ہم آہنگی اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔‘
لیفٹیننٹ گورنر نے میراتھن کو انسانی ترقی اور اجتماعی قوت ارادی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جسمانی، ذہنی اور جذباتی مضبوطی کو فروغ دیتی ہے۔ دوڑ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ تھکن پر قابو کیسے پایا جائے، حدود کو کیسے توڑا جائے اور زندگی کے ہر میدان میں آگے کیسے بڑھا جائے۔
منوج سنہا کے مطابق، ’یہ ایونٹ میرٹ، لگن اور خود اعتمادی کی علامت ہے۔ چاہے پوری میراتھن ہو یا نصف، ہر دوڑنے والے کا عزم اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی ہدف ناقابلِ حصول نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کشمیر میراتھن نہ صرف سیاحت اور مقامی معیشت کو مضبوط کرے گی بلکہ نوجوانوں میں فٹنس اور دوڑنے کا کلچر بھی فروغ دے گی۔ ’ایسے ایونٹس صحت، نظم و ضبط اور سماجی ہم آہنگی کو بڑھاتے ہیں۔ یہ نوجوانوں میں خود اعتمادی، فخر اور مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب افراد نظم و ضبط اور عزم کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے ہیں تو وہ پوری برادری کو متاثر کرتے ہیں اور ایک پُراعتماد، خود کفیل جموں و کشمیر کی تشکیل میں حصہ ڈالتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں کشمیر میراتھن ایک بین الاقوامی ایونٹ کے طور پر مزید ترقی کرے گا جو سماجی ہم آہنگی، کھیلوں میں شاندار کارکردگی اور سیاحتی دلکشی کو فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی ’جموں میراتھن‘ کے انعقاد کی بھی امید ہے، تاکہ دونوں ایونٹس مل کر ترقی، سیاحت اور اتحاد کے نئے در وا کریں اور جموں و کشمیر کو ہندوستان کے خوبصورت ترین اسپورٹس مقامات میں شامل کریں۔
0
