سرینگر، —14 دسمبر:(عقاب نیوز) وادیٔ کشمیر میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے اور آج صبح بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجۂ حرارت نقطۂ انجماد کے آس پاس یا اس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں میں شدید سردی دیکھنے کو ملی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔
دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 2.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرینگر ایئرپورٹ پر پارہ 0.6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ جنوبی کشمیر کے قصبہ اونتی پورہ میں درجۂ حرارت منفی 0.2 ڈگری اور پلوامہ میں منفی 2.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو خطے میں سب سے کم رہا۔
قاضی گنڈ، اننت ناگ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 0.8 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ شوپیاں میں 0.1 ڈگری درج کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے علاقوں کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور گاندر بل میں درجۂ حرارت 1 سے 1.4 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت 1.4 ڈگری جبکہ پہلگام میں 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سونمرگ میں پارہ 0.4 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔
جموں خطے میں موسم نسبتاً معتدل رہا، تاہم سردی کی لہر محسوس کی گئی۔ جموں شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 11.4 ڈگری سیلسیس جبکہ جموں ایئرپورٹ پر 11.3 ڈگری درج کیا گیا۔ بانیہال میں 5.5، بھدرواہ میں 4.7 اور راجوری میں 6.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کٹرا، ادھم پور اور رام بن میں درجۂ حرارت 7 سے 11 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا۔
لداخ خطے میں شدید سردی کا راج رہا، جہاں لیہہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.0 ڈگری سیلسیس جبکہ کرگل میں منفی 4.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ نوبرا ویلی میں پارہ منفی 1.8 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خصوصاً صبح اور رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
