0

نجی جامعات کے قیام کی منظوری، جموں و کشمیر میں تعلیمی شعبے میں بڑی پیش رفت

جموں، 16 اپریل: /عقاب ویب ڈیسک//جموں و کشمیر میں پہلی بار نجی جامعات کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے کیونکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’’جموں و کشمیر یونیورسٹیز بل 2026‘‘ کو منظوری دے دی ہے، جو اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری روز 4 اپریل کو منظور کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی لیفٹیننٹ گورنر نے ’’جموں و کشمیر جن وشواس (دوم) ترمیمی بل 2026‘‘ کو بھی منظوری دے دی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، ان بلوں کی منظوری کے بعد اب حکومت نجی جامعات کے قیام کے لیے قواعد و ضوابط مرتب کرے گی، جس کے بعد باضابطہ طور پر منظوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام سے خطے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

یہ بل وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے اسمبلی میں پیش کیا تھا، جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ے اس اقدام کو سراہا۔ ایوان نے اس قانون کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق، قواعد بننے کے بعد نجی جامعات قائم کرنے کے خواہشمند اداروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکرٹری کی سربراہی میں ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو موصولہ درخواستوں کا جائزہ لے گی۔

اس کے علاوہ ایک نگران ادارہ بھی قائم کیا جائے گا جو نجی جامعات کی نگرانی، معائنہ، شکایات کی سماعت اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔

قانون کے تحت کوئی بھی ادارہ نجی جامعہ اسی صورت قائم کر سکتا ہے جب وہ کم از کم تین سال سے رجسٹرڈ ہو، اس کا بنیادی مقصد تعلیم ہو، مالی حیثیت مضبوط ہو اور اس کے پاس مناسب اراضی اور بنیادی سہولیات موجود ہوں۔ ادارے کو مستند اساتذہ کی تقرری اور حکومتی و یو جی سی ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔

نجی جامعہ کا مرکزی کیمپس جموں و کشمیر میں ہونا لازمی ہوگا، تاہم اسے خطے کے مختلف حصوں میں ذیلی کالجز، علاقائی مراکز اور اضافی کیمپس قائم کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ متعلقہ ضوابط پر عمل کیا جائے۔

ادھر ’’جن وشواس‘‘ ترمیمی بل کے تحت مختلف قوانین میں معمولی جرائم کو غیر فوجداری بنانے اور جرمانوں کے ذریعے نمٹانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ کاروبار کرنے اور روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔

یہ قانون متعدد قوانین میں ترمیم کے ذریعے معمولی سزاؤں کو جرمانوں میں تبدیل کرنے اور کاروباری اداروں پر ضابطہ جاتی بوجھ کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں