0

وائٹ ہاؤس نے جنگ بندی میں توسیع کی خبر مسترد کر دی، مذاکرات جاری رکھنے کا عندیہ

واشنگٹن، 16 اپریل : وائٹ ہاؤس نے ایران کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے کہ امریکہ نے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست کی ہے، تاہم مذاکرات جاری رکھنے اور ممکنہ معاہدے پر غور کا عندیہ دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوسرا راؤنڈ طے پا گیا تو اس کے پاکستان میں ہی منعقد ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیرولین لیوٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ مذاکراتی عمل میں پاکستان ایک کلیدی اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور اب تک ہونے والی پیش رفت اسی تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی ان مذاکرات میں معاونت کرنا چاہتے ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات کو ترجیح دیتے ہیں کہ ایران کے ساتھ سفارتی عمل وہیں سے آگے بڑھایا جائے جہاں پاکستانی ثالثی کے ذریعے پیش رفت ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ موجودہ صورتحال میں کسی ممکنہ معاہدے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکہ کی جانب سے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اگرچہ جنگ بندی میں توسیع کا دعویٰ مسترد کیا گیا ہے، تاہم سفارتی عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق موجود ہے۔
یواین آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں