0

مذاکرات کے دوسرے دور میں بھی امریکی وفد کی قیادت وینس کے سپرد

واشنگٹن، 15 اپریل (یو این آئی) امریکی ٹی وی سی این این نے کہا ہے کہ ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے امریکی وفد کی قیادت بھی نائب صدر جے ڈی وینس کے سپرد رہے گی۔
سی این این کے مطابق ممکنہ مذاکرات کے سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ اگر جنگ بندی ختم ہونے سے قبل اگلے ہفتے کوئی ملاقات ہوتی ہے تو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کی قیادت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر بھی کسی ممکنہ دوسرے اجلاس میں شرکت کریں گے، جو جنگ سے قبل سے سفارتی بات چیت کی قیادت کرتے آ رہے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ ممکنہ دوسری ملاقات کے لیے تفصیلات پر تبادلہ خیال کر رہی ہے، صدر ٹرمپ نے اپنے 3 اعلیٰ مشیروں کو جنگ سے نکلنے کے لیے سفارتی راستہ تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی مذاکرات کے دوسرے دور میں شریک ہوں گے، صدر اب بھی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔
جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کو ہونے والے 21 گھنٹے طویل اجلاس کے بعد سے ایرانی حکام اور ثالثوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔
سی این این کے مطابق اس سے قبل بھی رپورٹ کیا گیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ممکنہ دوسرے اجلاس کی تفصیلات پر اندرونی سطح پر غور کر رہی ہے، تاہم منگل کی شام تک یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ آیا یہ ملاقات واقعی ہو پائے گی یا نہیں۔
صدر ٹرمپ نے منگل کے روز نیویارک پوسٹ کو بتایا تھا کہ آئندہ دو دنوں میں پاکستان میں کچھ پیش رفت ہو سکتی ہے کیوں کہ امریکا اور ایران دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ مستقبل کے مذاکرات زیرِ غور ہیں، تاہم اس وقت تک کوئی باضابطہ شیڈول طے نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں