0

چھ ماہ کے اندر اندر مفت راشن کا وعدہ پورا ہوگا: وزیر ستیش شرما

سری نگر،19دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر برائے خوراک اور امورِ صارفین ستیش شرما نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ حکومت آئندہ چھ ماہ کے اندر مفت راشن اور ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جموں و کشمیر میں کوئی بھی شہری بھوکا نہ سوئے۔
سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر ستیش شرما نے کہا کہ غریب اور مستحق طبقے کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا،’ہم ایک امن پسند قوم ہیں۔ ہمارا واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کا جواب سیاحت کے فروغ سے دیا جائے گا۔ حکومت ہر غریب خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور چھ ماہ کے اندر تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔‘
وزیر موصوف نے کہا کہ سخت سردیوں کے دوران، خاص طور پر برفباری سے متاثرہ اور بلند پہاڑی اضلاع میں، غذائی اجناس کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام سرمائی علاقوں میں ضروری اشیائے خوردونوش کا ذخیرہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور طویل شاہراہ بندش کی صورت میں بھی کسی قسم کی قلت نہیں ہوگی۔
ستیش شرما نے انکشاف کیا کہ محکمہ خوراک نے ضلع سطح پر معیار کی جانچ کے لیے 20 موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریاں خریدنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا،’ہر ضلع میں ایک موبائل لیب گاڑی ہوگی جو راشن اور خوراک کے معیار کی جانچ کرے گی، اور ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘
راشن کارڈز، منقسم خاندانوں اور بیواؤں سے متعلق مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان معاملات کو سنجیدگی سے حل کیا جا رہا ہے اور مرکز سے خصوصی رعایت کی درخواست کی گئی ہے تاکہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی صورتحال کو مدنظر رکھا جا سکے۔
وزیر ستیش شرما نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہلی کی مدد کے بغیر ترقیاتی اہداف کا حصول مشکل ہوتا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی جموں و کشمیر کو فراخدلانہ امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت اور سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے سونمرگ میں اسکیئنگ، ڈاؤن ہل سائیکلنگ اور آبی کھیل متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں